امام زین العابدینؑ: کربلا کے بعد اسلامی شعور کی نئی تشکیل
کربلا
کا واقعہ ایک ایسا تاریخی لمحہ ہے جس نے اسلامی شعور کو ایک نئی سمت دی۔ اگر امام
حسینؑ نے اپنی قربانی سے ظلم کے خلاف قیام کا عملی مظاہرہ کیا تو امام زین
العابدینؑ نے اسی پیغام کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے ایک غیر عسکری، مگر
نہایت مؤثر فکری اور روحانی حکمتِ عملی اختیار کی۔ ان کا کردار اہل بیتؑ کے اس
رویّے کی نمائندگی کرتا ہے جس میں مزاحمت کا مرکز تلوار کے بجائے دعا، علم، اور
تربیت بن گیا۔ یہی انداز اُن کے عہد میں مزاحمت کی ایک نئی شکل کے طور پر ابھرا۔
مزاحمت
کو صرف تلوار یا سیاسی بغاوت کی شکل میں دیکھنا ایک محدود تصور ہے۔ سماجی مفکرین
جیسے ایمیل ڈرک ہائم نےCultural Resistance
"ثقافتی مزاحمت"
کو ایک اہم جہت کے طور پر پیش کیا ہے—ایسی مزاحمت جو دعا، طرزِ زندگی، اور تعلیم
کے ذریعے ظالم نظام کو چیلنج کرے۔ امام زین العابدینؑ نے بھی اسی طریق کو اپنایا۔
یزید کی خلافت کے گمراہ کن بیانیے(State Narrative) کو چیلنج کرنے کے لیے انہوں نے عوام کی فکری اور
روحانی تربیت کو ہتھیار بنایا اور سماج میں ایک تدریجی مگر پائیدار شعور اجاگر
کیا۔
شام
کے دربار میں امامؑ کا خطبہ محض ایک احتجاج نہیں بلکہ ایک فکری اور سیاسی مزاحمت
کی علامت تھا۔ مؤرخین ابن اثیر اور ابن قتیبہ کے مطابق، امامؑ نے نہایت جرات
مندانہ انداز میں اہل بیتؑ کی فضیلت اور یزیدی ظلم کو بے نقاب کیا۔ ان کے الفاظ
جذباتی ردعمل سے بالا تر ایک منظم فکری چیلنج تھے جو خلافت کے اخلاقی اور تاریخی
جواز کو متزلزل کرنے کے لیے استعمال ہوئے۔ اس خطبے نے ظلم کے ایوانوں میں ایک فکری
زلزلہ پیدا کیا۔
امام
زین العابدینؑ کی ایک اور انقلابی کاوش "صحیفہ سجادیہ" ہے۔ جسے محض دعاؤں کا مجموعہ سمجھنا اس
کے فکری پہلو سے غفلت برتنا ہوگا۔ یہ صحیفہ درحقیقت ایک ایسے معاشرے کا خاکہ پیش
کرتا ہے جو عدل، شعور، اور انسانی اقدار پر قائم ہو۔ دعا نمبر 27 میں مظلوموں کی
حمایت اور ظالموں کی ہلاکت کی دعا، دعا نمبر 20 میں حکمرانوں کے لیے عدل و تقویٰ
کی درخواست، اور دعا نمبر 45 میں دینی اجتماعیت اور شعور کی بیداری کو مرکزیت حاصل
ہے۔ ڈاکٹر علی شریعتی نے بجا طور پر اسے "دعاؤں میں چھپی ہوئی ایک سیاسی و
سماجی بغاوت" قرار دیا ہے۔
رسالۃ
الحقوق امام زین العابدینؑ کی علمی و فکری میراث کا ایک اور عظیم مظہر ہے۔ اس میں
تقریباً پچاس سے زائد حقوق کی تفصیل موجود ہے جو انسان کی ذاتی، خاندانی، معاشرتی،
اور سیاسی ذمہ داریوں کو واضح کرتی ہے۔ امامؑ کا تصورِ حق صرف مادی مفاد پر نہیں
بلکہ اخلاقی و الٰہی اصولوں پر مبنی ہے۔ اس میں خدا کا حق سب سے مقدم ہے، جس کے
بعد نفس کا حق اور پھر معاشرتی تعلقات کے حقوق آتے ہیں۔ ڈاکٹر حمید دباشی کے
مطابق، رسالۃ الحقوق دراصل اخلاق، سماج، اور سیاسی مزاحمت کا ایک سہ جہتی فکری
نمونہ ہے جو یزیدی جبر کے خلاف ایک خاموش مگر شدید فکری بغاوت ہے۔
کربلا
کے بعد امام زین العابدینؑ نے مدینہ میں ایک خاموش مگر پائیدار علمی تحریک کی
بنیاد رکھی۔ انہوں نے غلاموں، بچوں، اور نوجوانوں کو تعلیم دی، دعائیں سکھائیں اور
قرآن کی اخلاقی تعلیمات کو عام کیا۔ یہ علمی جدوجہد بعد میں امام محمد باقرؑ اور
امام جعفر صادقؑ کے ہاتھوں اسلامی علوم کے باقاعدہ اداروں میں تبدیل ہوئی۔ یہ
دراصل وہ "اداراتی مزاحمت" تھی جس کا ذکر ایڈورڈ سعید نے کیا ہے—کہ
تعلیم اور ثقافت کے ذریعے ظالم بیانیے کو شکست دی جا سکتی ہے۔
امام
زین العابدینؑ کی اس پرامن مزاحمت کو اگر ہم جدید تاریخ کے پرامن رہنماؤں کی
تحریکوں سے جوڑیں، تو حیرت انگیز مشابہت سامنے آتی ہے۔ مثال کے طور پر مہاتما
گاندھی نے برطانوی استعمار کے خلاف "عدم تشدد" کی حکمتِ عملی اپنائی جس
میں روحانیت، اخلاقیات اور تعلیم کو تحریک کا مرکز بنایا گیا۔ گاندھی کی
"ستیہ گرہ" بھی ایک قسم کی اخلاقی مزاحمت تھی جس نے بغیر بندوق اٹھائے
استعمار کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ اسی طرح مارٹن لوتھر کنگ جونیئر نے امریکہ
میں نسل پرستی کے خلاف پرامن مزاحمت کا راستہ اختیار کیا۔ ان کی تحریک کا مرکز بھی "moral
appeal" تھا نہ کہ تشدد، اور ان کے خطابات،
جیسے "I Have a Dream"، ایک فکری اور
اخلاقی بیداری کے نمائندہ بن گئے۔ نیلسن منڈیلا کی ابتدائی جدوجہد بھی پرامن
مزاحمت کے اصولوں پر مبنی تھی، جس میں ظلم کے خلاف اخلاقی برتری کو ہتھیار بنایا
گیا۔ ان تمام شخصیات نے امام زین العابدینؑ کی اس سنت کو دہرا کر دکھایا کہ اصل
تبدیلی دلوں اور ذہنوں کو متاثر کرنے سے آتی ہے، نہ کہ صرف طاقت کے مظاہرے سے۔
آج
کے جدید دور میں جب آمریت مذہب کو اپنے اقتدار کے جواز کے طور پر استعمال کرتی ہے،
اور روحانیت کو محض ذاتی سطح پر محدود کیا جا رہا ہے، امام زین العابدینؑ کی
تعلیمات ایک بار پھر معنویت حاصل کر رہی ہیں۔ ان کی دعائیں روحانی شعور کی بیداری
کا ذریعہ ہیں، ان کا تصورِ حقوق انسانی وقار کی بنیاد ہے، اور ان کی مزاحمت ظالم
نظاموں کے خلاف اخلاقی چیلنج کی صورت اختیار کرتی ہے۔ ان کی فکر موجودہ دنیا کے
لیے نہایت اہم اور قابلِ عمل پیغام رکھتی ہے۔
امام
زین العابدینؑ کی مزاحمت درحقیقت ایک خاموش مگر مربوط فکری و روحانی انقلابی حکمتِ
عملی تھی۔ ان کا کردار ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ مزاحمت صرف نعرے یا جنگ نہیں بلکہ
دلوں، ذہنوں اور روحوں کو فتح کرنے کا عمل بھی ہو سکتی ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جو آج
بھی ظلم، جبر اور آمریت کے خلاف ایک عالمی ضمیر کی حیثیت رکھتا ہے، اور جسے دنیا
کی پرامن انقلابی تحریکوں نے اپنے اپنے وقت میں اپنی تاریخ میں ضم کر کے مؤثر
تبدیلیوں کو ممکن بنایا۔



0 Comments:
Post a Comment
Subscribe to Post Comments [Atom]
<< Home