Thursday, 3 July 2025

کارٹونز ٹو کیپٹیویٹی: جب کربلا اسکرین پر اُترے اور دلوں میں جاگ اُٹھے

 کارٹونز ٹو کیپٹیویٹی: جب کربلا اسکرین پر اُترے اور دلوں میں جاگ اُٹھے

(جدید تعلیمی ٹولز، گیمز، اینی میشنز کے ذریعے نئی نسل کے دلوں تک حسینؑ کا پیغام)

تحریر: ابو بکر صدیق

ذرا ٹھہریے، اپنی مصروف زندگی کے اس تیز بہاؤ کو ایک لمحہ روک کر سوچیے:
کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ کربلا کی گرم ریت، حسینؑ کے سجدے کا سکون، عباسؑ کے ہاتھوں کی وفا، زینبؑ کی زبان کی گرج اور علی اکبرؑ کی جوانی کی روشنی آج کے کارٹونز، اینی میشنز اور گیمز کے ذریعے بچوں کے دلوں میں اُتر سکتی ہے؟
کیا ہم اپنی نسل کو صرف سکرین پر رنگین تصاویر نہیں، بلکہ اُن میں چھپے جذبے، وفا اور صداقت کی وہ چنگاریاں دکھا سکتے ہیں جو کربلا میں بھڑکیں اور قیامت تک انسانیت کو راستہ دکھاتی رہیں گی؟

یہ سوال محض ایک تعلیمی بحث نہیں، بلکہ ہر اُس دل کی تڑپ ہے جو چاہتا ہے کہ اُس کا بچہ حسینؑ کی طرح حق پر ڈٹ جائے، زینبؑ کی طرح ظلم کے ایوانوں میں کلمۂ حق بلند کرے، اور عباسؑ کی طرح وفا کی مثال بن جائے — چاہے اس کے پاس تلوار نہ ہو، مگر سچائی کی جرات ہو۔

ہم نے کربلا کو صدیوں سے منبروں، مجالس اور کتابوں میں سنایا — آنسو بہائے، سینے پیٹے، غم منایا۔ مگر کیا ہم نے کبھی سوچا کہ آج کی نسل، جو Netflix پر Harry Potter دیکھتی ہے، PUBG میں لڑتی ہے، اور YouTube پر animations دیکھتی ہے، اس کے دل تک کربلا کا پیغام کیسے پہنچے گا؟

کیا ہم اُسی پرانے انداز میں انہیں سناتے رہیں گے، جب کہ اُن کے دل کسی اور زبان میں سننے کے عادی ہو چکے ہیں؟
کیا ہم نے کبھی سوچا کہ اُن کے اسکرینز پر حسینؑ کی للکار، عباسؑ کی وفا، زینبؑ کی استقامت اور قاسمؑ کی معصوم شہادت کو کس انداز سے دکھائیں، کہ یہ کردار محض تاریخ کے باب نہ رہیں بلکہ اُن کے دلوں کے خواب بن جائیں؟

وقت کا مطالبہ ہے کہ ہم کربلا کے پیغام کو صرف کتابوں کی سطروں میں قید نہ کریں، بلکہ اُن screen-based دنیا میں اتاریں، جہاں بچے جیتے ہیں، سیکھتے ہیں اور خواب بنتے ہیں۔
اب کربلا صرف بیان کرنے کی نہیں، محسوس کروانے کی کہانی ہے۔ اب وقت ہے کہ ہم روایتی انداز سے ہٹ کر جدید تعلیم اور تفریح کا حسین امتزاجEdutainmentتلاش کریں، جو بچوں کو علم بھی دے اور دل بھی جیت لے۔

تصور کیجیے...
Lion King
کی طرح ایک "Lion of Karbala" کارٹون سیریز، جہاں علی اکبرؑ کا عزم، سکینہؑ کا صبر اور عباسؑ کی غیرت صرف اسکرین کے کردار نہ ہوں، بلکہ بچوں کے دلوں کے ہیرو بن جائیں۔
تصور کیجیے...
ایک ایسا ویڈیو گیم، جس میں کھلاڑی کو Mission Karbala میں سچائی، صبر اور قربانی کے چیلنجز مکمل کرنے ہوں۔
تصور کیجیے...
ایک "Karbala Explorer" ایپ، جس میں بچے قافلہ حسینیؑ کے ہر پڑاؤ کو explore کریں، راستوں کی پیاس کو محسوس کریں، اور امام حسینؑ کے قافلے کے ہر فرد کے جذبات کو interactive انداز میں سمجھیں۔

کیوں نہ ہم کربلا کو ایک بار پھر زندہ کریں؟ مگر اب الفاظ کی زبان میں نہیں، بلکہ اُن screen-based جہانوں میں، جہاں آج کے بچے اپنی زندگی گزارتے ہیں۔
کیوں نہ ہم اُن کے tablet اور mobile کی اسکرین کو صرف کھیل تماشے کا ذریعہ نہ بنائیں، بلکہ اُس screen کو کربلا کی درسگاہ بنا دیں؟

یہ وقت کا تقاضا ہے۔
اگر ہم نے ایسا نہ کیا تو ہم اپنی نسل کو ماضی کے المیے تو دے دیں گے، مگر مستقبل کے ہیرو نہ دے سکیں گے۔
اور اگر ہم نے اُن کی زبان میں اُنہیں حسینؑ، عباسؑ، زینبؑ اور قاسمؑ کا پیغام سکھا دیا، تو یہ بچے نہ صرف اچھے مسلمان، بلکہ عظیم انسان بنیں گے۔ ایسے انسان جو جب دنیا میں کسی کربلا کا سامنا کریں گے تو حق پر کھڑے ہوں گے، چاہے تنہا ہوں، مگر حسینؑ کی طرح سر نہ جھکائیں گے۔

کربلا کوئی پرانی کہانی نہیں، یہ ہر دور کی تازہ للکار ہے۔ اب وقت ہے کہ ہم اس للکار کو اُن ذرائع سے سنائیں، جہاں آج کے بچے سننا پسند کرتے ہیں — کارٹونز، گیمز، اینی میشنز اور interactive apps کے ذریعے۔

0 Comments:

Post a Comment

Subscribe to Post Comments [Atom]

<< Home